عالمی خبریں

محمدخالد اعظمی (کویت )

نماز سے ملازمت چلی گئی

نیویارک : ایک خبررساں ادارے کے مطابق ریاستہائے متحدہ امریکہ میں کرایہ ٹیکسی کی کمپنی ہرتیزHertzنے اعلان کیا ہے کہ اس نے 26مسلمان ٹیکسی ڈرائیوروںکوسیٹاک ہوائی اڈے سے نماز کی محافظت کرنے کی وجہ سے برخواست کردیا ہے ۔ کمپنی نے مزید کہا کہ آٹھ دیگر ڈرائیورجن کو کمپنی نے گذشتہ ماہ ستمبر میں ملازمت سے سبک دوش کردیا تھا اس شرط پر رکھ لیے گئے کہ وہ اپنی نمازوںکے اوقات کو رسمی ڈیوٹی میں شامل نہ کریںگے ۔

 قرآن سے متعلقہ شاہ عبداللہ شعبہ

ریاض:سعودی عرب کے حکمراں شاہ عبداللہ نے سعودی عرب کی تین بڑی یونیورسیٹیوں میں قرآن سے متعلقہ ”خادم الحرمین الشریفین شعبہ “کی تعمیری منصوبہ کومنظوری دے دی ہے۔قرآن اوراس سے متعلقہ علوم کے مختلف پہلووں پر تحقیق کرنے اورقرآن کے ادبی اورسائنسی ذخائر پرکام کرنے کے مقصد سے سعودی عرب کی تین یونیورسیٹیوں جامعة الامام محمدبن سعود الاسلامیہ ریاض،جامعة ام القری مکہ مکرمہ اورجامعہ اسلامیہ مدینہ منورہ میں یہ منصوبہ نافذہوگا ۔

  نومسلمہ نے قرآن کا روسی ترجمہ کیا

ولے ریا بورو چووا جس نے بیس سال قبل اسلام قبول کیا، آج اس نے روسی زبان میں قرآن کریم کا ترجمہ کیا ہے ، ماہرین کے مطابق یہ ترجمہ روسی زبان میں سب سے افضل ترجمہ شمار کیا جا رہا ہے ۔ ولے ریا کہتی ہیں :” قرآن کے مطالعہ نے میرے اندر ایسا شوق پیدا کیا کہ میں روسی زبان میں ترجمہ قرآن کے لیے مجبور ہوگئی “۔ ولے ریا کے بقول وہ کوئی عالمہ یا فقیہہ نہیں ہیں البتہ انہوںنے ترجمہ قرآن کی مہارت حاصل ضرور کی ہیں اور جہاں ضرورت محسوس ہوئی ہے وہاں علماءسے مشورہ بھی کرتی رہی ہیں۔ترجمہ قرآن کے تجربہ کے متعلق وہ کہتی ہیں کہ ”میرے شوہر عربی ہیں ،سوریا کے دمشق شہر سے ان کا تعلق ہے ، میرا قیام دمشق میں دس سال تک رہا ہے ،وہیں عربی زبان سیکھا اورعربی روسی ڈکشنری بھی تیار کی “۔ ازہر یونیورسٹی کی توثیق کے بعد امارات کے حکمراں شیخ زائد نے پہلی بار اس کی طباعت کرائی ۔ اب تک ترجمہ کے پانچ لاکھ نسخے طبع ہوچکے ہیں ۔

  جادو ٹونا سے سزائے موت تک

جدہ: سعودی عرب میں ایک سعودی خاتون کو جادو ٹوناکرنے کے الزام میں سزائے موت دیتے ہوئے اس کا سر قلم کر دیا گیا ہے۔ سرکاری سعودی خبر رساں ادارے نے وزارت داخلہ کے حوالے سے کہا ہے کہ سعودی خاتون آمنہ بنت عبدالحلیم نصر کو شمالی صوبے جوف میں جادو ٹونا اور تعویز گنڈے کے جرم میں ملوث ہونے کی بنا پر سزائے موت دی گئی۔ سعودی عرب میں اسلامی شرعی قوانین نافذ ہیں،جس کی رو سے جادو ٹونا جیسے غیر اسلامی کاموں میں ملوث ہونے کی سزا موت ہے۔ اس سال سعودی عرب میں سر قلم کئے جانے والوں کی تعداد تہتر ہوگئی ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق اس وقت سعودی عرب میں ایک سو چالیس افراد سزائے موت پانے کے منتظر ہیں۔

اسرائیل میں اذان پر پابندی!؟

فلسطین : اسرائیل کی پارلیمنٹ میں مقبوضہ بیت المقدس کی تمام مساجد میں اذان پر پابندی کا مسودہ پیش کردیا گیاجس میں کہاگیاہے کہ اذان کے لیے لاوڈاسپیکر کے استعمال سے یہودی آبادی کاروں کے آرام وسکون میں خلل پڑرہاہے۔ جبکہ بعض اسرائیلی ارکان نے اس کی مخالفت کی ہے۔

قبلہ اول کی آزادی کا عزم

 قاہرہ :مقبوضہ بیت المقدس پر جابرانہ قبضہ کی صیہونی سازشوں کے خلاف مصر اور اردن میں دو الگ الگ مارچ کئے گئے۔مارچ کا مقصد مسئلہ فلسطین کی حمایت اور بیت المقدس کو یہودیت میں تبدیل کرنے کی سازش کے خلاف احتجاج کرنا تھا۔

دو سو سال پرانے اخبارات انٹرنیٹ پر

لندن : برطانوی لائبریری نے اٹھارہویں اور انیسویں صدی کے پرانے اخبارات کے تقریباً40 لاکھ صفحات کی اسکینگ کرکے انہیں آن لائن دستیاب کرایا ہے۔ برٹش لائبریری میں اخبارات کی اسکینگ کے لیے ایک خصوصی ٹیم نے ایک برس کی سخت جدوجہد کے بعد یہ کارنامہ انجام دیاہے ۔

 25 ملین افراد کی ایڈس سے موت

علی گڑھ :سوشل ہیلتھ اینڈ ایجوکیشنل سوسائٹی کے  زیر اہتمام منعقدہ ایڈس بیداری مہم کے دوران مقررین نے بتایاکہ دنیا میں تقریباً 25ملین اموات صرف ایڈس سے ہوچکی ہے ۔ اور دنیامیں اس وقت 33 ملین اور ہندوستان میں کم سے کم 25 لاکھ افراد ایڈس جیسی موذی بیماری میں مبتلاہیں، جن میں خواتین کی تعداد مردوں سے زیادہ ہے ۔مقررین نے بتایا کہ ایڈس سے متاثر زدہ افرادکے ہاتھ ملانے سے ، ایک برتن میں کھانا کھانے اورپانی وغیرہ پینے سے ایڈس نہیں پھیلتا۔

30 لاکھ افغان خشک سالی سے متاثر

کابل ۔ افغانستان میں امدادی کاروائیوں میں مصروف  بین الاقوامی تنظیموں نے متنبہ کیا ہے کہ ملک میں خشک سالی کے باعث30 لا کھ لوگوں کو فوری امداد کی ضرورت ہے۔ اور اس خشک سالی سے ملک کے 34میں سے14 صوبے متاثر ہوئے ہیں۔ اگر ان لوگوں کو فوری امداد فراہم نہ کی گئی تو اندیشہ ہے کہ وہ مزید بھوک،خوراک کی قلت اور بیماریوں کا شکار ہوجائیں گے۔اسی خشک سالی کااثرہے جس کی وجہ سے خوراک کی قیمتوں میں گزشتہ ایک سال کے دوران تقریباً 100 فیصد اضافہ ہوچکاہے

13سالہ لڑکی کو امن کا قومی انعام

اسلام آباد : پاکستانی لڑکی ملالہ یوسف زئی کو جس نے وادی سوات میں طالبان کے کنٹرول کے زمانے میں بچوں کے حقوق پر بے باکی سے اظہار خیال کیا تھا ،آج اس لڑکی کو ملک کا قومی امن انعام عطا کیا گیا۔ وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے اعلان کیا ہے کہ13 سالہ یوسف زئی کو قومی امن انعام اور5 لاکھ روپے نقد دیئے جائیں گے ۔ حکومت نے امن اور تعلیم کے لیے لڑکی کی خدمات کے اعتراف میں یوسف زئی کو  بین الاقوامی امن انعام برائے اطفال کے لیے نامز د کرنے کے بعد یہ فیصلہ کیا۔ وزیر اعظم نے کابینہ ڈویژن کو ہرسال 18برس سے کم عمر بچوں کو قومی امن ایوارڈ دینے کی ہدایت بھی کی ہے ۔

خواتین پر تشدد کے خاتمے کا عالمی دن

وشنگٹن ۔خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر نیویارک میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بن کی مون نے تمام معاشروں اور بالخصوص نوجوانوں پر زور دیاہے کہ وہ خواتین کے خلاف تشدد، کام کے دوران انہیں ہراساں کرنے اور ان کے خلاف جنسی زیادتیوں کے واقعات روکنے میں اپنا کردارادا کریں۔ ایک جائزہ کے مطابق ایتھوپیا کی80فیصد خواتین اور 50 فیصد مرد یہ سمجھتے ہیں کہ مخصوص حالات میں زندگی میں ایک بار بیوی کی پٹائی کرنا جائز ہے۔

 جسم فروشی پر پابندی

پیرس: فرانس کی پارلیمنٹ نے ایک ایسی تجویز کی حمایت کی ہے جس کے تحت جسم فروشی کو ایک جرم قرار دیا جائے۔ تجویز کے مطابق جنسی تعلق کے لیے قیمت ادا کرنے والے شخص کو تین ہزار یورو تک جرمانہ اور چھ ماہ کی قید کی سزا دی جائے۔ فرانس کی اسمبلی نے اس تجویز کومنظور کرلیا ہے اور اس کی روشنی میں ایک بل تیار کیاجائے گا۔ 

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.


*