عالمی خبریں

محمدخالد اعظمی (کویت)

 khalid.azmi64@gmail.com

 قرآن اور اسلامی کتابوں کی تقسیم

ریاض: شاہ فہد کمپلکس برائے طباعت قرآن مجید کی جانب سے اس سال جنوری تک 250ملین قرآن مجید کے نسخے تراجم اوردیگرمذہبی کتب تقسیم کی گئی ہیں۔ شاہ فہد نے27سال قبل فروری 1985ءمیں ساری دنیا کے مسلمانوں میں قرآن مجید ، تراجم اور مذہبی کتابوں کی تقسیم کے مقصد سے یہ طباعتی مرکز قائم کیا تھا۔جہاں سالانہ 10ملین سے زیادہ کتابوں کی اشاعت ممکن ہے ۔ قرآن کے21زبانوں میں تراجم کی تقسیم عمل میں آئی ہے۔

دنیا کا سب سے بڑا مصحف

کابل : افغان خطاط نے پانچ سال کی محنت شاقہ سے دنیا کا سب سے بڑا قرآن مجیدکامصحف تیار کیاہے ، جس کا مقصد دنیا کو یہ دکھاناہے کہ افغان کے گراں قدر ثقافتی ورثہ اورروایات کو30 سالہ جنگ سے نقصان ضرور پہنچاہے مگریہ اب بھی زندہ ہے۔ اس ضخیم مصحف کے صفحات90انچ لمبے اور 61انچ چوڑے ہیں، افغانستان کی وزرات حج اور مذہبی امور نے اس کی توثیق کی ہے کہ حجم کے اعتبار سے یہ دنیا کا سب سے بڑا مصحفہے۔ اب تک یہ درجہ روس کے تاتارستان علاقہ میں موجود مصحف کوحاصل تھاجو2میٹر لمبا اور ڈیڑھ میٹرچوڑا ہے۔ افغانستان میں تحریرکردہ مصحف کا وزن 500 کیلوگرام ہے اور اس کی جلد 21بکروں کی کھالوں سے تیار ہوئی ہے، جب کہ اس پر مجموعی طور پر5لاکھ ڈالر صرف ہوئے ہیں۔ یہ سارا پروجیکٹ استادمحمد صابر حذری کی نگرانی میں اس کے 9 شاگردوں کے تعاون سے تکمیل کو پہنچاہے ۔

القتاتنی قومی اسمبلی کے اسپیکر

قاہرہ:’الاخوان المسلمون ‘کی سیاسی ونگ آزادی وانصاف پارٹی کے جنرل سکریٹری سعد القتاتنی کومصر کے قومی اسمبلی کا اسپیکر منتخب کرلیا گیاہے۔ سعد کو قومی اسمبلی کے 496اراکین میں سے 399ارکان نے ووٹ دیا۔جبکہ ان کے مقابل حزب الوسط کے عصام سلطان کے حق میں صرف 77 ووٹ ڈالے گئے ۔ مصرکی نومنتخب پارلیمنٹ کے اعداد وشمار کے مطابق 140سے زیادہ ممبران حافظ قرآن کریم ہیں، 100سے زیادہ ممبران پارلیمنٹ کو ایک ہزار سے زیادہ احادیث یاد ہیں ۔ 180سے زیادہ ممبران کو نصف سے زیادہ قرآن یادہے ۔ 170سے زیادہ ممبران کے پاس ڈاکٹریٹ کی ڈگریاں ہیں 50سے زیادہ ممبران کے پاس کار نہیں ہے ۔ 350سے زیادہ ممبران چھ ماہ سے دس سال تک جیل میں زندگی گزارچکے ہیں۔

 بعد ازمرگ کارنامہ حیات ایوارڈ

جدہ: سعودی عرب میں قائم فورم فار سوشیل اسٹڈیز  نے عالم اسلام کے معروف داعی شیخ احمد دیدات رحمه الله (1918 ۔2005 ) کو اس سال کا کارنامہ حیات ایوارڈ دیاگیا۔ فورم ایک اسلامی تنظیم ہے جو برطانیا، کنیڈا ، اور سعودی عرب میں اپنے دفاتر رکھتی ہے۔2 فروری کو اپنے قیام کے 25ویں سال کا جشن مناتے ہوئے فورم نے مختلف پروگرامس کئے، ساتھ ہی فورم اسلام کے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والے اداروں اور شخصیات کو ایوارڈ آف اکسیلنس دے رہی ہے۔اس سے پہلے دیدات کو خدمت اسلام کے لیے شاہ فیصل ایوارڈ دیا گیاتھا۔

اندھیرے میں دیکھنے والا بچہ

بیجنگ: بلی جیسی نیلی آنکھوں والے سات سالہ چینی بچے کو دنیاکے پہلے انسان کا عالمی اعزاز حاصل ہوگیا ہے جب کہ یہ بچہ اندھیرے میں بھی بآسانی دیکھنے کی قدرتی صلاحیت رکھتاہے۔ جنوبی چین کے ڈاکٹرز بلی جیسی نیلی آنکھیں رکھنے والے (Nong Youhui)کی حیرت انگیز حد تک اندھیرے میں دیکھنے اور پڑھنے کی صلاحیت سے بھی حیران ہیں،لیکن ان کایہ بھی کہناہے کہ یہ کوئی خطرے کی بات نہیں۔مکمل اندھیرے میں کئے جانے والے میڈیکل ٹیسٹ نے یہ بات ثابت کردی کہ نونگ عام لوگوں کی نسبت اندھیرے میں بھی آسانی سے پڑھ سکتاہے جوصلاحیت عام طور پر لوگوں میں نہیں ہوتی ۔Cat Boyکے نام سے مشہور اس بچے کا نام اس صلاحیت کے باعث گینیز بک آف ورلڈریکارڈمیں بھی شامل کرلیا گیا۔

 پاکستان کی ارفع کریم کا انتقال

کراچی:2فروری 1995ءکوپیداہونے والی ارفع کریم رندھاوا نوبرس کی عمر میں2004ءمیںبین الاقوامی مائیکروسافٹ انجینئرنگ کمپنی کے تمام امتحان پاس کرکے باقاعدہ سندیافتہ مائیکروسافٹ ماہر قرارپاگئی،اور پوری دنیا میں کم عمر ترین کمپیوٹرماہر کا اعزازحاصل کرکے اپنے وطن کانام روشن کیا۔انفارمیشن ٹیکنالوجی کی دنیا میں تہلکہ مچانے والی پاکستانی لڑکی ارفع کا14جنوری کو انتقال ہوگیا۔ارفع نے اپنی خداداد صلاحیتوں کے ذریعہ ملک کانام دنیا بھر میں روشن کیا۔ حکومت پاکستان نے آئی ٹی کے شعبے میں خدمات کے اعتراف میں ارفع کے نام پر یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کرنے کی منظوری دی ہے ۔

 اسرائیلی قومی ترانہ گانے سے انکار

اسرائیلی سپریم کورٹ کے واحدعرب عیسائی جج سلیم جبران نے ایوان صدر میں نئے چیف جسٹس کی حلف برداری کے لیے منعقدہ تقریب کے دوران اسرائیل کا قومی ترانہ گانے سے انکار کیا ۔جس میں اسرائیلی عدالت عظمی کے جج صاحبان شریک تھے۔اسرائیل کا قومی ترانہ ’امید‘ کی علامت قراردیا جاتاہے اوراس میں کہا گیاہے ”ہماری امید سرزمین پر آزاد لوگوں کی امیدہے ، جو صیہون اوربیت المقدس کی سرزمین ہے۔“

 اسرائیل میں موجود اس ترانے کے ناقدین کا کہناہے کہ یہ ایک قابل فہم بات ہے کہ ایک عیسائی اور مسلمان صیہونی روح کی خواہش کو قبول نہیں کرسکتاہے۔ اسرائیلی ترانہ 1878ءمیں نفتالی ہرزامبر نے لکھاتھا اور یہ صرف صہیونی عوام کے قومی جذبات کا اظہار تھا۔

خلیج میں پہلے گردوارہ کا افتتاح

دوبئی: متحدہ عرب امارات میں پہلے گردوارہ گرونانک دربارکاافتتاح عمل میں آیاہے۔یہ اپنی نوعیت کا پہلا گردوارہ ہے ، 25 ہزار مربع فٹ پر پھیلے اس گردوارہ میں تمام سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔متحدہ عرب امارات میں تقریباً 50ہزار سکھ آباد ہیں جن کا تعلق ہندو پاک سے ہے۔

 اسلامی ترقیاتی بینک کا ایوارڈ

ڈھاکہ:بنگلادیشی اور ایرانی خواتین نے مشترکہ طور پر اسلامی ترقیاتی بینک کے تحت ایوارڈ جیت لیاہے ۔فاتحین سلیمہ احمد اور سیدہ فاطمی ہیں اور انعامی رقم پچاس ہزار امریکی ڈالردونوں میں برابرتقسیم کی جائے گی۔

2012ء شاہ فیصل انعام کا اعلان

ریاض: 2012ءکا سعودی عرب کے سلیمان بن عبدالعزیز الراجحی کو اسلام کے لیے نمایاں خدمات انجام دینے پر  بین الاقوامی شاہ فیصل انعام کا مستحق قرار دیا گیا۔

برطانیہ میں عیسائی اقلیت میں

لندن: ہاؤس آف کامن کی لائبریری کے ذریعے کرائے گئے ایک سروے کے مطابق 18برس کے اندر برطانیہ میں عیسائی اقلیت میں آجائیں گے ۔ وہاں لادینیت کو فروغ ملنے کی وجہ سے عیسائیوںکی آبادی کم ہوتی جارہی ہے ۔ 6سال میں مسلم آبادی بھی بڑھ کر 26 لاکھ ہوگئی ہے ۔ 

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.


*