عالمی خبریں

محمد خالد أعظمى

شہزادہ سلمان نئے ولی عہد مقرر

ریاض: سعودی عرب کے نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ نائف بن عبد العزیزکے انتقال کے بعد76سالہ شہزادہ سلمان کو نیا ولی عہد اور نائب وزیراعظم مقرر کیاگیاہے۔اور وہ بدستور وزیر دفاع کے منصب پر بھی فائز اورنائب وزیر اعظم بھی ہونگے۔ اس سے قبل وہ 1962ءسے ریاض کے گورنر تھے۔

27 سال میں ڈھائی لاکھ فلسطینی  حق سکونت سے محروم

مقبوضہ بیت المقدس: اسرائیل نے ۷۶۹۱سے ۴۹۹۱ءکے دوران 27سال کے عرصہ میں مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی سے تعلق رکھنے والے تقریباً ڈھائی لاکھ فلسطینیوں کو ان کے حق سکونت سے محروم کردیا۔اس بات کا انکشاف اسرائیلی روزنامے ہارٹز میں شائع ایک رپورٹ میںکیاگیا ہے۔ مقبوضہ بیت المقدس میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اوراس مقدس شہر میں یہودی آبادکاروں کو دنیا کے دوسرے علاقوں سے لاکر بسایا جارہاہے تاکہ بعد میں عالمی برادری کو یہ دکھایا جاسکے کہ اس شہر میں مسلمانوں سے یہودیوں کی آبادی زیادہ ہے ،تاکہ اس کو صیہونی ریاست کا دار الحکومت تسلیم کیاجائے۔

آسٹریا میں اسلام کو سوسال مکمل

ویانا: آسٹریا میں اسلام کے سوسال پورے ہوگئے ۔ حکومت اور مسلمان اس یوروپی ملک میں اسلام کو سرکاری مذہب تسلیم کرنے سے متعلق اس قانونی اقدام کا جشن منارہے ہیں جس کے تحت1912ءمیں ایک قانونی دفعہ کے تحت مسلمانوں کو ایک مذہبی کمیونٹی کے طور پر تسلیم کیا گیا تھااور اس کے پیروکاروں کو بھی دوسرے مذاہب کے ماننے والوں کی طرح قانونی تحفظات اور مساوی حقوق دیئے گئے تھے ۔آسٹریا ان چندیوروپی ممالک میں سے ایک ہے جہاں مسلمانوں کودوسری مذہبی کمیونٹیوں کی طرح مساوی حقوق حاصل ہیں۔وہ سرکاری اسکولوں میں تعلیم حاصل کرسکتے ہیں ، وہ عبادات کے لئے آزاد ہیں اور ان کے خانگی امور ان کے عقیدے کے مطابق طے پاتے ہیں۔ اس وقت اس ملک میں تقریباً پانچ لاکھ مسلمان ہیں اوروہ اس ملک کی کل آبادی کا چھ فیصد ہیں، اور اس وقت آسٹریامیں ساٹھ ہزار بچے مذہبی تعلیم حاصل کررہے ہیں۔دار الحکومت ویانا میں اسلام رومن کیتھولکس کے بعد دوسرا بڑا مذہب ہے ۔

کالج میں داخل ہوناہے تو برقع اتارو

لندن :ایک مسلم خاتون کو ایک برطانوی کالج میں والدین کی میٹنگ میں اس لئے شامل ہونے سے روک دیا گیاکہ اس نے برقع اتارنے سے انکارکردیا، اس کی وجہ سے اس خاتون نے بے حد ندامت محسوس کی ۔ چالیس سالہ مارون رفیق کو بتایاگیاکہ کالج میں بچوں اور اساتذہ کی سیکورٹی کے لئے کسی بھی طریقے سے چہرہ ڈھکنے پر پابندی ہے ۔ اسے انتباہ دیا گیا کہ اگر اس نے نقاب نہیں ہٹایاتواسے اس میٹنگ میں حصہ لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی ،جو اس کے بیٹے کی تعلیم کے لئے ضروری ہے۔جمہوریت کا ڈھونگ رچنے والے ان ممالک کوکیاکہاجائے جوہمیشہ اپنے کشکول میں جمہوریت ، آزادی اور اظہاررائے کولے کر ہمیشہ لوگوں کے پاس جاتے ہیں۔

 رکن پارلیمنٹ کوقبول اسلام کی سزا

دہلی:ہندوستان کی شمالی مشرقی ریاست آسام میں کانگریس پارٹی کی ایک 33سالہ ہندو عورت رکن پارلیمنٹ رومی ناتھ نے اسلام قبول کرکے ایک مسلم لڑکے سے شادی کرلی تو سیکڑوں مقامی افراد نے شوہر اور بیوی پر اس وقت حملہ کردیا جب وہ دونوںایک ہوٹل میں کھاناکھارہے تھے۔ اسلام قبول کرنے میںبہت ساری مشقتوں کا سامنا کرناپڑتاہے ،تاریخ اس کی شاہدہے۔

 برمی مسلمانوں کی آوازکون سنے گا؟

میانمار:برمامیں بو دھسٹ دہشت گرد ماگ نے مسلمانوں کے بیس دیہات اورسولہ سو مکانات نقشے سے مٹادیئے ہیں۔جس کے باعث لاکھوں کی تعداد میں شہری نقل مکانی پرمجبور ہیں۔ مسلمانوں کی جائیدادوں کو کو کھلے عام پٹرول چھڑک کرآگ لگادی جاتی ہے۔اس دہشت گردی سے مسلمان اکثریتی صوبہ اراکان سب سے زیاد متاثر ہواہے جہاں مسلمانوں کے اجتماعی قتل عام کے بعد ہزاروں مسلمان نقل مکانی پر مجبور ہوگئے ہیں۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ 1982ءکو برما کی حکومت نے مسلمانوں پر ایک بم اس وقت گرایاتھاجب اس نے ملک میں موجود تمام مسلمانوں کو اپنے شہری تسلیم کرنے سے انکار کردیا تھا اور کہا تھا کہ برمامیں موجود تمام مسلمان تارکین وطن ہیں، انہیں یہاں پر شہریت نہیں دی جاسکتی ۔ویسے بعض ممالک میں مذہبی جماعتوںاور انسانی حقوق کی تنظیموں نے برما میں مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے ہیںاور آوازیں بھی اٹھائیں۔

مسجد نبوی کی توسیع کا منصویہ

ریاض:خادم الحرمین عبد اللہ بن عبد العزیز نے مسجد نبوی کی توسیع کرنے کا حکم دیاہے۔ یہ توسیع تین مراحل میں مکمل کیاجائے گا۔مجموعی طور پر سولہ لاکھ مزیدنمازیوں کی گنجائش پیدا کی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں آٹھ لاکھ نمازیوں کے لئے مسجد نبوی میں توسیع کی جائے گی جبکہ دوسرے اور تیسرے مراحل میں چار چار لاکھ نمازیوں کے لیے گنجائش پیداکی جائے گی۔خادم الحرمین نے حرم مکی کی توسیع کے منصوبے کے علاوہ مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ اورجدہ کے درمیان تیز رفتار ٹرین سروس ، جمرات پل تعمیرکرایااورجدہ کے ہوائی اڈے کو وسیع کرکے اسے بین الاقوامی جہازوں کی آمدورفت کے قابل بنایاہے۔

 دو کروڑ سترلاکھ افراد غلامی کی زندگی بسر کر رہے ہیں :

واشنگٹن:اس مہذب اور ترقی یافتہ دنیا میں جہاں بہت ساری روایات کا خاتمہ ہواہے وہیں غلامی جیسی ناقابل برداشت چیز اب تک باقی ہے ۔ اسلام نے غلامی کا نظام ختم کردیاتھا لیکن آج بقول امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن کے دنیا بھر میں دو کروڑ سترلاکھ افر اد غلامی کی زندگی بسرکررہے ہیں۔کلنٹن کے مطابق امریکااوردنیا بھر میں انسانوں کی غلامی کی قانونی حیثیت کے خاتمہ کے باوجودیہ لعنت ختم نہیں ہوسکی اور دنیا بھرمیں 27ملین انسان غلامی کی جدیدصورتوں کا شکار ہیں۔ غلامی کی زندگیاں گزارنے پر مجبور ان لوگوں میں مرد عورتیں بچے اور بچیاں شامل ہیں ۔

نیپولیئن کا خط چار لاکھ ڈالرمیں نیلام

پیرس:فرانس میں نیپولیئن بوناپارٹ کے انگریزی میںلکھے گئے ایک نایاب خط کی نیلامی ہوئی جس میں یہ خط چار لاکھ ڈالرمیں نیلام ہواہے ۔نیلامی کرنے والی کمپنی کے مطابق یہ قیمت ان کے لگائے گئے اندازے سے پانچ گنا زیادہ ہے ۔ نیپولیئن نے یہ خط 1816ءمیں اس وقت لکھا تھا جب وہ جلاوطنی کی زندگی گزاررہاتھااورانگریزی سیکھ رہاتھا۔ یہ خط فرانسیسی میوزیم آف لیٹرزاینڈمینوسکرپٹ نے خریداہے ۔ نیپولیئن1815 ءمیں واٹرلوکی جنگ میں شکست کے بعد سین ہیلونا میں زندگی گزاررہاتھا۔

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.


*