رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا مثالی کردار

محمد آصف اقبال (نئی دہلی )
maiqbaldelhi@gmail.com

کسی بات پر عمل کرنے کے لیے پہلی ضرورت علم کی ہوتی ہے ،علم کے ذرائع محفوظ شکل میں ہمارے پاس موجود ہیں اورعمل کرتے ہوئے افراد بھی اللہ کے فضل سے ہر زمانہ میں موجود رہے ہیں۔یہی وہ دونوں چیزیں ہیں جن کی ہر زمانے اور ہر مقام پر اشد ضرورت محسوس کی جاتی ہے اور اگر یہ دونوں چیزیں موجود ہوں تو انسان میں عمل کی تحریک پیداہوجاتی ہے۔ایک آئیڈیل انسان کی ہر محاذ پر ضرورت محسوس کی جاتی ہے۔ اگریہ عملی نمونہ موجود نہ ہو تو ہر انسان اپنی عقل کے مطابق عمل کے میدان میں اتر پڑتا ہے۔ نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ مختلف انسان مختلف راہیں طے کرتے ہوئے درمیان میںبہت سی غلطیوں کا شکار ہو جاتے ہیںجس کی وجہ سے نہ وہ خوداپنے لیے اور نہ ہی دوسروں کے لیے مثالی کردار بن پاتے ہیں۔اس لیے لازمی ہوا کہ کوئی ہستی ایسی ضرور ہونی چاہیے جوعلم اور عمل دونوں میں اپنی مخصوص حیثیت رکھتی ہو۔اس ضرورت کے پیش نظر انسانوں کو بنانے والے اللہ نے خود ہی اس کا مکمل انتظام بھی فرما دیا ہے۔ اللہ نے نبیوں اور رسولوں کے سلسلے کو جاری کیا اور ان کو راست علم سے نوازا اور عمل کی توفیق دی تاکہ یہ شخصیات دنیا کے لیے نمونہ بن سکیں۔نبیوں کے سلسلے کو ختم کرتے ہوئے آخری رسول محمدصلی اللہ علیہ وسلم کو دنیا میں بھیجا جو قیامت تک انسانوں کے لیے انفرادی اور اجتماعی زندگی کے ہر محاظ پر مثال اور نمونہ رہیں گے۔ کہا کہ :”مومنو! اللہ کا ارشاد مانو اور پیغمبر کی فرمانبرداری کرو اور اپنے اعمال کو ضائع نہ ہونے دو” (محمد: 33) ۔یہاں پہلی بات اللہ کے واضح احکامات پر عمل کرنا ہے اور دوسری بات رسول اللہصلی اللہ علیہ وسلم کا اسوہ ہے۔ ان دونوں احکامات پر عمل کے نتیجہ میںہم کسی بھی طرح کے نقصان میں مبتلا نہیں ہوںگے ۔اللہ تعالیٰ ہم سے راضی ہوگا اور آخرت میں کامیابی و سرخروئی ہمارا مقد رہوگی ۔

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بحیثیت نمونہ :
ا نبیائے کرام کو دنیا میں بھیجنے کامقصد تکمیل اخلاق تھا۔اس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پہلا مقصد ہے کہ انسان صرف اللہ کی بندگی کرے اوردوسرا یہ کہ وہ اعلیٰ اخلاق پر فائز ہوجائے، تاکہ وہ اپنے رب کو جانے،مانے،تصدیق کرے اور عمل کرتے ہوئے دنیا میں امن و سکون برقرار رکھے۔اور اگرکسی مقام پر ایسا نہ ہو تو اِن مقاصد کے حصول کے لیے جدوجہدکی جائے۔یہ جدوجہد انفرادی اور اجتماعی دونوں محاذ پرہونی چاہیے اوراس سلسلے میں عملی نمونہ کے لیے نبی امّی محمدا کو دیکھنا چاہئے ۔ اللہ تعالی فرماتا ہے : وَاِنَّکَ لعَلٰی خُلُقٍ عَظِیمٍ (القلم:4)۔”اور بے شک آپ اخلاق کے بڑے مرتبے پر ہیں”۔ اس آیت سے ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ بلند اخلاق اس بات کی شہادت دیتے ہیں کہ وہ نہایت صحیح الدماغ اور سلیم الفطرت شخصیت تھی کہ جس کا ذہن اور مزاج غایت درجہ متوازن تھا۔لہذا ایک متوازن ذہن کی پیروی کرنا ہمارے لیے بہت آسان ہوجاتا ہے۔اورایسے ہی انسان کی پیروی بھی کرنی چاہیے جس کا دماغ صحیح ہو، جس کی فطرت صالح ہو اور جس کا مزاج معتدل ہو۔ ہمارے لیے وہ حضرات بھی قابل نمونہ ہیں جن کو اصحاب رسو ل کا شرف ملااور ہمارے وہ علماءاور امراءبھی قابل نمونہ ہیں جو اسلام پر عمل پیرا رہنے والے ہیں۔ کیونکہ یہ تمام لوگ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات پر خود عمل پیرا رہنے والے ہوں گے ،لہذا ہمارے لیے ان کی پیروی کرنی آسان ہو جائے گی۔رسول اللہصلی اللہ علیہ وسلم کے اخلاق کی بہترین تعریف حضرت عائشہؓ نے اپنے اِس قول میں فرمائی ہے کہ :کان خلقہ القرآن۔”قرآن آپ کا اخلاق تھا”۔ (امام احمد، مسلم، ابوداﺅد، نَسائی، ابن ماجہ، دارمی ) ۔اور اسی بات کو اللہ تعالیٰ اس طرح ارشاد فرماتا ہے :وَاِنَّکَ لَعَلٰی خُلُقٍ عَظِیمٍ (القلم:4)”اور اخلاق تمہارے بہت(عالی) ہیں”۔ معنی یہ کہ رسول اللہصلی اللہ علیہ وسلم نے دنیا کے سامنے محض قرآن کی تعلیم ہی پیش نہیں کی تھی بلکہ خود اس کا مجسّم نمونہ بن کر دکھا دیا تھااور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی ہر اس شخص کے لیے نمونہ ہے جو اخلاق کے اعلیٰ درجہ پر پہنچنے کی خواہش رکھتا ہو۔

آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی گھریلو زندگی :
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی ہمارے لیے اس لحاظ سے بھی قابل اہم ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم ہمارے قائد، رہنما، رہبراور نبی ہیں۔آپکی زندگی ہماری اجتماعی زندگی کے لیے بھی بہت اہم ہے۔جب ہم اس لحاظ سے آپ کی زندگی کا مطالعہ کرتے ہیں تو معلوم ہوتا ہے کہ آپ گھریلو زندگی میں امہات المو¿منین کے ساتھ حسن سلوک، ان کی تربیت ، ان سے محبت اور ہمدردی کا رویہ اختیار کرتے،بچوں سے بے انتہا محبت کرتے اور فرماتے کہ “بچے جنت کے پھول ہیں”۔حضرت عائشہ ؓ فرماتی ہیں کہ” نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے دست مبارک سے اللہ تعالیٰ کے راستہ میں جہاد کے علاوہ کبھی کسی کو نہیں مارا۔نہ کبھی کسی خادم کو نہ کسی عورت کو(بیوی یا باندی وغیرہ)کو”۔یہ اور اس طرح کے بے شمار تذکرے ہمیں سیرت اور احادیث کی کتابوں میں مل جائیں گے۔ جن سے ہمیں راہنمائی بھی ملتی ہے، حوصلہ بھی اور شوق بھی ۔ہماری اجتماعی زندگی کا وہ حصہ جس کوہم گھر کہتے ہیں،جہاں ماں ،باپ، بیوی بچے، بھائی بہن اور دیگر رشتہ دار ہوا کرتے ہیں ۔ ان کے ساتھ کس طرح سے پیش آئیں اور ان کے ساتھ کون سا رویہ اور طریقہ اختیار کریں اس کی مکمل وضاحت ایک طرف اللہ تعالی خود اپنے قرآ نِ حکیم میں فرماتا ہے اور دوسری جانب رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا اسوہ ہمارے لیے راہنمائی اور راہبری کا کام کرتا ہے۔ ہمیں اس جانب سے غفلت نہ برتتے ہوئے ،شعوری اور سنجیدہ زندگی گزارنی چاہیے تاکہ جب ہم قیامت کے دن اللہ کے سامنے حاضر ہوں تو کوئی اٹھنے والا ہاتھ ایسا نہ ہو جو ہماری جانب ہماری کوتاہیوں اور غلطیوں کا اشارہ کرے اور اللہ کا غضب ہم پر نازل ہو۔ہمیں ہر لمحہ اُس بڑے دن سے ڈرتے رہنا چاہیے،یہی ہماری کامیابی کا لازمی تقاضہ ہے۔

آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی معاشرتی زندگی :
ہم جانتے ہیں کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے کبھی کسی کو تکلیف نہیں پہنچائی، اور نہ ہی کبھی کسی کے حق میں بد دعاکی ۔بہت سے واقعات آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی سے وابستہ ہیں جہاں لوگوں نے آپ کو تکلیفیں پہنچائیں لیکن آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیشہ ان لوگوں کو معاف کر دیا اور یہی تعلیم آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے اصحابؓ کو بھی دی۔پڑوسیوں کے حقوق کا تذکرہ کرتے ہوئے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: “جبریل ہمیشہ مجھ کو ہمسایہ کا حق ادا کرنے کی ہدایت کرتے رہتے تھے یہاں تک کہ میں نے یہ خیال قائم کر لیا کہ وہ پڑوسی کو وارث قرار دیں گے”(یعنی ایک ہمسایہ کو دوسرے ہمسایہ کا وارث بنا دیں گے)(بخاری و مسلم)۔ اسی طرح لوگوں کی عزت واحترام کے سلسلے میں فرمایا: ” کبیرہ گناہوں میں سے یہ بھی ہے کہ کوئی اپنے والدین کو گالی دے۔صحابہ نے عرض کیا: یا رسول اللہ! کیا کوئی شخص اپنے ماں باپ کو بھی گالی دیتا ہے۔آ پ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ہاں! (یہ اس طرح کہ) جب یہ کسی کے باپ کو گالی دیتا ہے تو وہ اس کے باپ کو گالی دیتا ہے اور یہ کسی کی ماں کو گالی دیتا ہے تو وہ اس کی ماں کو گالی دیتا ہے”(جامع ترمذی)۔ لوگوں سے ہمدردی کے تعلق سے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں :”جو شخص لوگوں پر رحم نہیں کرتااللہ اس پر رحم نہیں کرتا”(جامع ترمذی)۔اللہ تعالیٰ قرآن حکیم میں فرماتا ہے:”نیکی یہ نہیں ہے کہ تم نے اپنے چہرے مشرق کی طرف کرلیے یا مغرب کی طرف، بلکہ نیکی یہ ہے کہ آدمی اللہ کو اور یومِ آخرت اور ملائکہ کو اور اللہ کی نازل کی ہوئی کتاب اور اس کے پیغمبروں کو دل سے مانے اور اللہ کی محبت میں اپنا دل پسند مال رشتے داروں اور یتیموںپر، مسکینوں اور مسافروں پر ، مدد کے لیے ہاتھ پھیلانے والوں پر اور غلاموں کی رہائی پر خرچ کرے، نماز قائم کرے اور زکوٰة دے۔ اور نیک وہ لوگ ہیں کہ جب عہد کریں تو اسے وفا کریں، اور تنگی و مصیبت کے وقت میں اور حق و باطل کی جنگ میں صبر کریں۔ یہ ہیں راستباز لوگ اور یہی لوگ متقی ہیں”(البقرہ:177)۔ اس آیت کریمہ میں ایک مہذب معاشرہ کی مکمل تصویر پیش کردی گئی ہے۔بتایا گیا ہے کہ معاشرہ سے تعلق رکھنے والے لوگوں پر کون سے کام لازم ہیں اور کس طرح وہ اپنی ذمہ داریوں کو ادا کرتے ہوئے لوگوں کے لیے خیر ثابت ہوتے ہیں۔ یہاں اللہ کے بندوں کے حقوق اداکرنے کی بات ہے، اللہ کے حقوق یعنی عبادت کا تذکرہ ہے،لوگوں کے ساتھ معاملات اور معاہدوں کو بھی بخوبی ادا کرنے کی بات ہے۔ اس طرح کی بے شمار ہدایات واحکامات قرآن و حدیث میں موجود ہیں ان احکامات پر عمل کرنے کے نتیجہ میں صالح معاشرہ وجود میں آسکتا ہے۔

مثالی کردار کے اختیار کا نتیجہ:
یہ بات عقل سے بعید تر ہے کہ جس چیز کی ہم خواہش کریں اس کو اپنی ذات کے لیے پسند نہ کریں۔ اسلامی بنیادوں پر استوار معاشرہ کی خواہش جب ہم اپنے دل میں رکھتے ہیں تو اس کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں اختیار کرنے کے لیے بھی ہمیں تیار رہنا چاہیے۔ حالات سازگارنہ ہوں تواس کے لیے جدوجہد کرنا چاہیے۔اس خواہش کو رکھنے والے،اس پر عمل کرنے والے اور اس کے لیے جدوجہد کرنے والے،یہ تمام ہی وہ لوگ ہیں جن سے اللہ تعالیٰ راضی ہوا اور اس نے دنیا ہی میں ایسے لوگوں کو جنت کی بشارت ان الفاظ کے ساتھ دے دی کہ: “اور یہ جنت جس کے تم مالک کر دیے گئے ہو تمہارے اعمال کا صلہ ہے”(الزخرف:72)۔ایسے لوگوں سے اللہ تعالیٰ خوش ہوگا جو دنیا میں اخلاق کے اعلیٰ معیار پر تھے ساتھ ہی وہ اہل ایمان تھے اورجنھوںنے مومن و مسلم بندے بن کر زندگی گزاری تو ایسے لوگوں کے لیے بشارت ہے اور یہی لوگ جنت کے وارث ہوں گے۔
اللہ تعالیٰ فرماتا ہے :”اور اس دن سے ڈرو جبکہ تم اللہ کے حضور میں لوٹ کر جاﺅ گے اور ہر شخص اپنے اعمال کا پورا پورا بدلہ پائے گا اور کسی کا کچھ نقصان نہ ہوگا” (البقرة:281)۔ وہاں جو کچھ ہم کماکر لے جائیںگے اس کا پورا پورا بدلہ مل جائے گاچاہے وہ اعمال صالحہ ہوں یا پھر اعمالِ رذیلہ۔ اللہ کی عدالت میںذرہ برابر بھی کمی بیشی نہیں ہوگی۔قرآن کہتا ہے: “انہیں المناک عذابوں کی خوشخبری سنا دو۔ ہاں ایمان والوں اور نیک اعمال والوں کے بے شمار اور نہ ختم ہونے والا اجر ہے” (الانشقاق: 24-25)۔
اس لیے ہمیں چاہیے کہ ہم اخلاق و کردار میں سدھار پیدا کریں اور دنیا اور آخرت کی کامیابی حاصل کرنے والوں میں شمار ہو جائیں ۔اس کے لیے ہمیں ایک طرف نمازسے مدد لینی ہوگی اور دوسری طرف صبر سے۔نماز ہماے اندر مستقل مزاجی پیدا کرنے اور فحش اور معصیت کے کاموں سے بچنے میں مدد کرے گی ۔اور صبر ہمارے اندر منزلِ مقصود تک پہنچنے میں تعاون کرے گا۔ اور ہم دنیاو آخرت میںکامیاب ہوں گے۔ ان شااللہ

أضف تعليقك