عالمی خبريں

محمدخالد اعظمی (کويت) taleem95@hotmail.com

شاہ عبد اللہ کے اقتدار کے 6 برس

ریاض:خادم الحرمین الشریفین شاہ عبد اللہ بن عبد العزیز نے اقتدار کے 6 برس مکمل کرلیے، اس موقع پر سعودی عوام سیاستداں ، ماہرین اقتصاد وتعلیم ووقانون اور اعلی عہدیداروں نے شاہ عبد اللہ کوشاندار کارنامے انجام دینے پر بہترین الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔

 پاکستان کوایٹمی پروگرام نے بچایا

واشنگٹن ۔ پاکستان کے نامور ایٹمی سائنسداں ڈاکٹر  عبد القدیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام نے ملک کو عراق یا لیبیا جیسے انجام سے بچارکھا ہے ۔ امریکی جریدہ ’نیوزویک‘میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں لکھا ہے کہ ملک کے ایٹمی ہتھیاروں کی وجہ سے پاکستان ہندوستان کے ساتھ جنگ سے بھی بچاہواہے ۔

امریکا میں مسلم خواتین کا ایک میگزین

شکاگو: امریکاکے شہر شکاگو میں رہنے والی ایک مسلمان خاتون صدف سید حجاب پہننے والی خواتین کی تصاویر اور انٹرویوز پر مبنی ایک جریدہ نکالتی ہیں، جس کانام ہے icover جو کہ اپنی نوعیت کا پہلاامریکی جریدہ ہے ۔

صدف کے مطابق انہوں نے یہ جریدہ تقریباً ساڑھے تین سال قبل شروع کیا تھا،ان کو اس کی ضرورت اس لیے محسوس ہوئی کیونکہ 11/9کے دہشت گردانہ حملوں کے بعد امریکی میڈیا میں مسلمانوں سے ، جن میں مسلمان خواتین بھی شامل ہیں ، بہت سے سوالات کئے جانے لگے ، مثلاً یہ کون لوگ ہیں ؟ حجاب کا مطلب کیا؟ کہیں انہیں شوہر نے مجبور تو نہیں کیا ؟ حجاب کے پیچھے کیا کہانی ہے ؟وغیرہ ۔

مولانا نعمت اللہ اعظمی نئے صدر

نئی دہلی ۔ ہندوستان کے ممتاز عالم دین اور معروف محقق مولانا نعمت اللہ اعظمی (صدر شعبہ تخصص فی الحدیث ، دارالعلوم دیوبند ) کو باتفاق رائے فقہ اکیڈمی کا نیا صدر منتخب کیا گیاہے۔ وہ پہلے بھی نائبین صدر میں شامل تھے۔ اسلامک فقہ اکیڈمی خالص علمی اور فقہی ادارہ ہے ، جس نے اب تک ڈیڑھ سو سے زیادہ عصر حاضر کے شرعی مسائل کو اجتماعی کوششوں کے ذریعہ حل کیا ہے ، 100سے زیادہ کتابیں شائع کی ہیں ، 20 عالمی فقہی سمینار منعقد کئے ہیں اور 40سے زیادہ فکری وتربیتی ورکشاپ اور سمپوزیم کئے ہیں اورنوجوان فضلاءکی تربیت پرخصوصی توجہ دی ہے۔

 یہودیوں کا شر انگیز جلوس

یروشلم: مشرقی یروشلم میں یہودیوں کی کثیر تعداد نے 44 سال قبل 1967ءمیں بیت المقدس پر قبضہ کا جشن مناتے ہوئے ’دیوار گریہ‘ کا جلوس نکالا،اس جلوس میں40ہزار یہودی شامل تھے ،یہودیوں نے” عرب مردہ باد“ ،” عربوں کا خاتمہ کرو“، جیسے نعرے بھی لگائے۔

ایران میں 300 شہریوں کو پھانسی؟

تہران : منشیات کے دھندے کے خلاف سخت رویہ اختیار کرتے ہوئے ایران میں ایرانی عدلیہ نے اس دھندے میں ملوث300افراد کو پھانسی دینے کا فیصلہ کیاہے۔ ان میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جن کے پاس سے 30گرام ہیروئن برآمد ہوئی ہے۔

 ہمت مرداں مدد خدا

کراچی۔ پاکستان کے کراچی شہر میں ایک ایسا شخص ہے جودونوں ہاتھوں سے معذور ہونے کے باوجود اپنے روزمرہ معمولات زندگی بخوبی نبھاتے ہوئے مکمل تندرست جسم کے حامل کم حوصلہ اورپست ہمت لوگوں کوزندگی جینے کا سبق دے رہاہے۔ دونوں ہاتھوں سے محروم شخص پبلک بسوں میںدھکے کھاتاہوا دفتر پہنچتاہے جہاں قلم سے لکھائی کرنے سے لے کر نقشوں کی ڈیزائننگ دیکھنے میں مشغول رہتاہے۔ گھر واپس پہنچ کر بھی وہ اپنے بیگم کے ساتھ کچن میں کھانا بنوانے کے علاوہ بچوں کوہوم ورک کروانے میں مدد بھی کرواتاہے۔ معذوری کے باوجود یہ شخص اللہ کا شکر اداکرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتا اور ناصر ف پنجوقتہ نمازی ہے بلکہ پورے آداب اورنظافت کے ساتھ قرآن کی تلاوت بھی کرتاہے ۔

بھوٹان میں تمباکونوشوں کی شامت

بھوٹان :بھوٹان میں سگریٹ نوشی کے خلاف قوانین اتنے سخت ہیں کہ دنیا میں کہیں اور ان کی مثال نہیں ملتی ۔ حال میں تین افراد کو سگریٹ برآمد ہونے پر جیل بھیج دیا گیاتھا۔ان افراد کو ایئر پورٹ پر روکاگیا تھاکیونکہ ان کے پاس سے سگریٹ تھے لیکن انہوں نے پہلے سے حکام کو اس کے بارے میں نہیں بتایا تھا۔

بھوٹان میں تمباکو کی فروخت پر 2005ءسے پابندی ہے اور گزشتہ برس تمباکوکی اسمگلنگ روکنے کے لیے ان قوانین کو مزید سخت کیا گیاتھا۔سگریٹ پینے والوں کو اب چبانے والے تمباکو یا سگریٹ کی خرید کی رسیدیں حکام کو دکھانی لازم ہیں۔

 حلال بیئرحرام

کوالالمپور:ملیشیا میں مسلمانوں کو حلال بیئر کے نام سے فروخت ہونے والی بیئر نہ پینے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ حکام کے مطابق اس بیئر میں الکحل کی مقدار اس سے کہیں زیادہ ہے ، جواس کے بیرونی لیبل پر تحریر ہے۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ یہ حلال بیئر ملیشیا کے مسلمانوں میں کافی مقبول ہے۔افسوس کا مقام یہ ہے کہ اب حرام چیزوں کے نام کو اسلامی طریقے سے حلال کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، اس طرح کے ناموں کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔

 تیرتا ہوا جزیرہ کھل گیا

سیول: جنوبی کوریا نے دریائے HANSپرتیرتے ہوئے جزیرے کا افتتاح کرتے ہوئے اسے جزوی طور پر عوام کے لیے کھول دیاہے ۔ دار الحکومت سیول میں دریائے HANSپر بننے والے اس مصنوعی جزیرے کا رقبہ 220ہزار اسکوائر فٹ ہے جس پر تقریباً 88 ملین امریکی ڈالرلاگت آئی ہے۔ سرکاری حکام کے مطابق اس جزیرے کے منصوبے کو ستمبرتک مکمل کرلیا جائے گا۔

 برج خلیفہ میں خودکشی

دبئی:دبئی کے برج خلیفہ سے اس سال 26ہندوستانیوں نے چھلانگ لگاکر خودکشی کی ہے۔ گزشتہ سال 113 ہندوستانیوں نے 163منزلہ عمارت کی مختلف منزلوں سے چھلانگ لگاکر خودکشی کی تھی ۔ ان اعدادوشمار سے یہاں آنے والے مزدوروں کی زبوں حالی کا اندازہ لگایا جاسکتاہے ۔ زیادہ دولت کمانے کی غرض سے ہندوستانی یہاں ہرسال بڑے خواب لے کر آتے ہیں لیکن یہاں آکر انہیں جس حقیقت کا سامنا ہوتاہے وہ ان کے لیے مہلک ثابت ہوتاہے۔ایسا لگتاہے کہ دبئی کی شان کی علامت برج خلیفہ اب خود کشی کا مرکز بن کر رہ گیا ہے۔وہاں جانے والے مزدوروں کومناسب مزدوری نہیں ملتی تو وہ قرض میں ڈوب جاتے ہیں اور جب قرض سے نکلنے کا طریقہ نظر نہیں آتاتو وہ مجبوراً خودکشی کا قدم اٹھاتے ہیں۔ 

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.


*