اللہ کے نزدیک محبوب اعمال

محمد عارف جامعی (کویت )

صحیح احادیث کی روشنی میں اللہ کے نزدیک محبوب اعمال میں سے بعض اعمال کاتذکرہ کیاجارہاہے ،اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ ہمیں ان اعمال پرعمل کرنے کی توفیق بخشے ۔ آمین

  نماز،والدین کے ساتھ نیکی،جہاد : آپ صلى الله عليه وسلم  نے فرما یا : ”اللہ کے پاس محبوب اعمال وقت پر نماز پڑھنا،والدین کے ساتھ نیکی کرنا اور اللہ کی راہ میں جہاد کرنا ہے “۔(متفق علیہ)

 ایمان،صلہ رحمی اور امر بالمعروف و نہی عن المنکر :آپ صلى الله عليه وسلم  نے فرمایا : ” اللہ کے نزدیک محبوب اعمال میں سے اللہ پر ایمان لانا ،صلہ رحمی کرنا اور لوگوں کو بھلائی کا حکم دینا اور برائی سے روکنا ہے ۔“       ( ابو یعلی و حسنہ الالبانی )

 طاعت میں مداومت اختیار کرنا : آپ صلى الله عليه وسلم  نے فرمایا : ”اللہ کے نزدیک محبوب عمل وہ ہے جس پر مداومت برتی جائے اگرچہ تھوڑا ہو ۔“ ( بخاری،مسلم)

  اللہ کا ذکر :آپ صلى الله عليه وسلم  نے فرمایا : ”اللہ کے نزدیک سب سے زیادہ محبوب عمل یہ ہے کہ آدمی کی موت اس حال میں آئے کہ اس کی زبان اللہ کے ذکر سے تر ہو“ ۔      (طبرانی،حسنہ الالبانی   )

 مساجد :آپ صلى الله عليه وسلم  نے فرمایا :” اللہ کے نزدیک سب سے محبوب جگہ مسجد ہے اور سب سے نا پسندیدہ جگہ بازار ہے“ ۔        ( مسلم )

 ظالم بادشاہ کے پاس حق کہنا:  آپ صلى الله عليه وسلم  نے فرمایا : ”اللہ کے نزدیک سب سے افضل جہاد ظالم بادشاہ کے پاس حق بات کہناہے “۔ ( احمد ، حسنہ الالبانی  )

  سچی بات کہنا : آپ صلى الله عليه وسلم نے فرمایا : ”سب سے محبوب بات سچی بات ہے ۔ “( بخاری )

  داو د علیہ السلام کی نماز و روزہ : آپ صلى الله عليه وسلم  نے فرمایا : ”اللہ کے نزدیک سب سے محبوب عمل حضرت داﺅد علیہ السلام کا روزہ ہے ۔ وہ ایک دن روزہ رکھتے تھے اور ایک دن روزہ چھوڑتے تھے اور آدھی رات سوتے رات کے تیسرے حصے میں عبادت کرتے اور چھٹے حصے میں سوجاتے۔ “( متفق علیہ )

 کھانے میں زیادہ لوگوں کی شرکت : آپ صلى الله عليه وسلم  نے فرمایا : ”اللہ کے نزدیک محبوب کھانا وہ ہے جس میں زیادہ لوگ شریک ہوں ۔“ ( ابن حبان ، حسنہ الالبانی   )

 سبحان اللہ وبحمدہ کہنا :آپ صلى الله عليه وسلم  نے فرمایا :” اللہ کے نزدیک سب سے محبوب کلام سبحان اللہ و بحمدہ کہنا ہے ۔“ ( مسلم )

 سبحان اللہ ، والحمد للہ،ولا الہ الااللہ،واللہ اکبر کہنا : آپ صلى الله عليه وسلم  نے فرمایا :

 ”اللہ کے نزدیک محبوب کلام چار ہیں سبحان اللہ والحمد للہ ولا الہ الا اللہ واللہ اکبر ۔ ان کلمات کے ذکر کی وجہ سے کوئی بھی چیز نقصان نہیں پہنچائے گی “۔ ( مسلم )

 حسن اخلاق :آپ صلى الله عليه وسلم  نے فرمایا : ”اللہ کے نزدیک محبوب بندے وہ ہیں جن کے اخلاق اچھے ہوں ۔ “ (طبرانی،صححہ الالبانی)

 عبد اللہ اور عبد الرحمن نام رکھنا : آپ صلى الله عليه وسلم  نے فرمایا :” اللہ کے نزدیک محبوب نام عبد اللہ اور عبد الرحمن ہیں“۔ ( مسلم )

  لوگوں کو نفع پہنچانا،مسلمان کو خوش کرنا،اس کی پریشانی کو دور کرنا اس کا قرض ادا کرنا اور بھوکوں کو کھلانا :آپ صلى الله عليه وسلم  نے فرمایا : ”اللہ کے نزدیک سب سے محبوب وہ لوگ ہیں جو لوگوں کوسب سے زیادہ نفع پہنچانے والے ہیں،اور اللہ کے نزدیک سب سے محبوب عمل کسی مسلمان کو خوش کرنا، یا اس کی پریشانی دور کرنا، یا اس کا قرض ادا کرنا یا اس کی بھوک مٹاناہے۔ میں اپنے کسی مسلمان بھائی کے ہمراہ اس کی کسی ضرورت کی تکمیل کے لیے جاؤںمیرے نزدیک(یہ عمل) مسجد میں ایک مہینہ اعتکاف سے بہتر ہے، اور جو غصہ پی لے گا اللہ تعالی اس کی ستر پوشی کرے گا“      ( ابن ابی الدنیا و حسنہ الالبانی  )

 

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.


*