عالمی خبریں

محمدخالداعظمی (کویت)

taleem95@hotmail.com

 قرآن کے چینی نسخوں میں غلطی

تہران : چین میں سستے مال تیار کرنے والی صنعت نے مسلمانوں کی مقدس کتاب کلام پاک کے ساتھ بھی کھلواڑ کردیا ہے ۔ چین میں شائع ہونے والے قرآن کے چند نسخوں میں املا کی غلطی ملی ہے ۔

شادی اور طلاق سے وزن میں اضافہ

نیویارک: ایک امریکی تحقیق کے مطابق شادی اور طلاق دونوں متعلقہ افراد کے وزن میں اضافے کا باعث بنتی ہیں۔ امریکی سوشیالوجیکل ایسوسی ایشن میں پیش کی جانے والی تحقیق کے مطابق شادی یا طلاق کے دوسال کے عرصے کے دوران وزن میں اضافے کا خدشہ زیادہ ہوتاہے ۔

ترکی وزیر اعظم کا دورہ صومالیہ

انقرہ: ترکی کے وزیر اعظم رجب طیب اردگان وہ واحد حکمراں ہیں جنھوںنے قحط زدہ ملک صومالیہ کا تاریخی دورہ کیاہے ۔ اس طرح وزیراعظم نے مشرقی افریقہ کے اس ملک کی مدد کرنے والے ملکوں میں ترکی کو اولین حیثیت دلادی ہے ۔ خشک سالی سے متاثرہ ملک صومالیہ کے چھ علاقوں میں قحط پھیل چکاہے ۔اور وہاں غذائی اجناس کی پیداوار 82 فیصد تک گرچکی ہے۔اور صومالیہ کو آدھی سے زیادہ آبادی یعنی تقریباً 40 لاکھ افراد کو خوراک کی فوری ضرورت ہے ۔4 لاکھ 50 ہزارافراد کیمپوں میں رہ رہے ہیں ۔وہ کام نہیں کرسکتے اورکیمپوں سے باہر بھی نہیں جاسکتے۔اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق 7لاکھ 50ہزار افراد کو فاقہ کشی کا سامناہے ۔ان تمام مسائل کی بنیادی وجوہات میں وہاں1991ءسے کوئی مستحکم حکومت نہیں۔

ڈنمارک میں ویب سائیٹس ناکارہ

دمام: امریکہ میں زیر تعلیم ایک سعودی لڑکی نے محمد ا کی شان میں گستاخی پر مبنی مواد جاری کرنے والے ڈنمارک کے 23 ویب سائیٹس ناکارہ بنانے کا کارنامہ انجام دیا ہے ۔اس لڑکی نے کئی عریاں ویب سائیٹس کو بھی ناکارہ بنادیاہے ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اس طرح کی لڑکیاں اچھے کارنامے انجام دیں تو معاشرے میں تعلیم کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوجائے گااور لوگ اپنی بچیوں کو تعلیم کی طرف بڑھنے کے لیے تعاون کریں گے۔

مسجد حرام کی لائبریری

مکہ مکرمہ:مسجد حرام کی لائبریری کاشماردنیاکی ایک بہت بڑی لائبریری میں ہوتاہے ، سن160ہجری میںاس کا قیام عمل میں آیاتھا۔لوگوں کا قیاس ہے کہ عباسی خلیفہ المہدی نے 160ہجری میں اس لائبریری کو قائم کیاتھا۔ جس میں مسلم خلفاء، اہل علم اوردولت مند اصحاب اس لائبریری کو وہ کتب ہدیہ کیا کرتے تھے جس کو وہ اپنے ہاتھ سے تحریرکیا کرتے تھے۔ علاوہ ازیں کئی نادر ونایاب قرآنی نسخوں کو بھی اس میں وقف کیاگیا۔ اس وقت اس لائبریری میں ایک لاکھ انتہائی نادر ونایاب کتب ہیں جن میں پانچ ہزار قلمی مخطوطات کے علاوہ دوہزار مخطوطات فوٹوکاپیز کی شکل میں ہیں۔ تین ہزاز مخطوطات کو مائیکروفلم کی شکل میں محفوظ کیا گیاہے۔

 ملک کا سب اعلی ادبی ایوارڈ

کاٹھمنڈو: نیپال میں بولنے سے قاصر اور پاؤں سے لکھنے والی ایک نوجوان خاتون نے ملک کا سب سے اعلی ادبی ایوارڈ جیت لیاہے۔ تیس سالہ جہمک کماری جورعشہ کی بیماری میں مبتلاہیں نے اپنی کتاب ”کیا زندگی ایک کانٹوں والا پودایا پھول ہے ؟“ پر مدن پوراسکر ایوارڈجیتاہے۔جہمک کماری نے ایوارڈیافتہ مضامین کے علاوہ شاعری میں چار ، مختصر کہانیوں پر دو کتابیں لکھنے کے علاوہ اخبارات کے لیے متعدد مضامین لکھے ہیں۔ وہ شمالی نیپال کے ایک عام سے خاندان میں پیداہوئیں۔ ان کے مطابق وہ بچپن میں بولنے سے قاصر ہونے کے علاوہ اپنے ہاتھ بھی استعمال نہیں کرسکتی تھیں۔ انہیں پڑھنے کے لیے اسکول نہیں بھیجاگیااورہ اپنی بہن کی پڑھائی سن کرلکھنے کی کوشش کرتی تھیں۔اگرعزم وحوصلہ ہو تو آج بھی لوگ پہاڑوں کو سرکرسکتے ہیں ۔ہمت مرداں مدد خدا۔

 کرنل معمرقذافی کا سحرٹوٹا

طرابلس:آزادی کاطوفان تونس ، مصر،یمن،شام ہوتاہواجب لیبیا کی سرحد میںداخل ہواتوکوئی سوچ بھی نہیں سکتاتھا کہ اس ظالم کے دیش میں اتنا بڑاانقلاب آجائے گالیکن ہوتاوہی ہے جو لکھاہوتاہے۔ یکم ستمبر 1969ءکولیبیا کا فوجی تختہ الٹ کر اقتدار حاصل کرنے والے کرنل معمرمحمد عبد السلام ابومنیار قذافی 42 سالوں تک عظیم عوامی اشتراکی عرب جمہوریہ لیبیا کے بے تاج بادشاہ رہے ۔

ماہ رمضان قبول اسلام کا مہینہ

کویت : رمضان خیروبرکت کا مہینہ ہے ، جب رمضان شروع ہوتاہے تو دنیاکے گوشے گوشے میں لوگ اسلام کی رحمتوں کا مزہ چکھنے کے لیے قریب آتے ہیں اور جب وہ اس کا مزہ چکھ لیتے ہیں تو اسلام کے دامن میں پناہ لینے کو عافیت سمجھتے ہیں ۔ اللہ کا شکرواحسان ہے کہ اس سال کویت جیسے خیروبرکت والے ملک میں ایک ہزار سے زیادہ افراد نے اسلام کے دامن میںپناہ لی ، اسی طرح سعودی عرب میں بھی سیکڑوں افراد نے اسلام قبول کیا سعودی عرب میں چین کی ایک کمپنی میں کام کرنے والے بیس سے زیادہ چینی افراد بیک وقت اسلام کے آغوش میں آگئے۔

جب ہم عرب ممالک سے نکل کر یورپ کی جانب رخ کرتے ہیں تو وہاں بھی اسلام قبول کرنے والوں کا تانتا بندھا ہواہے جس کی مثال فرانس میں دیکھنے کو ملی ہے وہاں دو یہوی لڑکیوں نے بظاہر اسلامی تعلیمات کی پیرو ی کرتے ہوئے اپنے اہل خاندان کے علاوہ اسکول اور معاشرے میں دوسال قبل ہلچل مچا دی تھی۔ان دونوں نے اپنے طرز زندگی کواسلامی تعلیمات کے عین مطابق کرلیاہے۔دوسال قبل ہی دونوں لڑکیوں نے ایک خاص موقع پر کھانا پینا ترک کردیا۔ پوچھنے پر پتہ چلا کہ وہ دونوں لڑکیاں روزے سے ہیں۔اور انہوں نے اپنا اراد ہ ظاہر کردیا کہ وہ مسلمانوں کے مقدس ماہ رمضان المبارک میں پورے ماہ روزہ بھی رکھیں گی۔

ان لڑکیوں کے والدLAURENT LEVYنے بتایا کہ دنیا میں یہ شاید فطری سوچ ہے کہ میری لڑکیوں نے اسلامی طرز زندگی اختیار کی ہے ۔ LEVYکی لڑکیوں 19سالہ لیلا اور16 سالہ الما نے اپنے والد سے خواہش کی کہ وہ رمضان المبارک کا پورا مہینہ روزہ اور عبادت میں گزاریں گی، لہذا وہ ان کی عبادت میں حائل نہ ہوں ،کیونکہ یہ ان کا حق ہے ۔ کچھ دنوں بعد دونوں بہنوں نے روزانہ پانچ وقت کی نمازوں کی پابندی بھی شروع کردی اور قرآن حکیم کی باقاعدہ تلاوت بھی کرنے لگیں۔ پڑوسیوں کے علاوہ دوستوں نے ان لڑکیوں میں اسلامی تبدیلیوں پر حیرت کا اظہار کیا اور اسکول کو بھی یہ دونوں لڑکیاں مکمل لباس زیب تن کرکے جانے لگیں۔ ان دونوں کے اسلامی طرز زندگی کو دیکھ کرآس پاس کے ماحول میں سرگوشیاں شروع ہوگئیں۔اسلام ایک دین فطرت ہے جو شخص بھی اسلام کو پڑھے گا خودبخود وہ اس کی آغوش میں آنے کوہی عافیت سمجھے گا۔

 

1 Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.


*